جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

منشیات برآمدگی کیس: انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

قومی خبریں
منشیات برآمدگی کیس: انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

کراچی کی صوبائی انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کے ایک اور مقدمے میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو 23 نومبر کو طلب کرلیا۔

کراچی سینٹرل جیل کے انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں قائم عدالت میں سماعت کے دوران جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا۔ عدالت نے ڈیفنس تھانے میں درج مقدمے کے الزامات ملزمان کو پڑھ کر سنائے، جنہیں انہوں نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

استغاثہ کے مطابق انمول پنکی، عباد اور عزیز الرحمان کے خلاف رواں سال ڈیفنس تھانے میں منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ایک شریک ملزم منشیات پھینک کر فرار ہوگیا، جبکہ موٹر سائیکل سوار عباد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو چرس برآمد کی گئی۔

مقدمے کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش دعویٰ کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات انمول پنکی نے فراہم کی تھیں۔ شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں انمول عرف پنکی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت