ایف بی آر کا پیک شدہ چائے پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چائے کی پیداوار اور فروخت کی شفاف نگرانی کے لیے پیک شدہ چائے کی الیکٹرانک مانیٹرنگ لازمی قرار دے دی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک بھر میں ٹیکس چوری کے راستوں کو بند کرنا اور محصولات کی وصولی کو یقینی بنانا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت تمام مینوفیکچررز اور پیکرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 10 دسمبر تک اپنی فیکٹریوں میں الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب کریں۔ یہ نظام چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگائے گا۔
نئے احکامات بلیک ٹی، گرین ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی اور چائے کے تمام مرکبات پر لاگو ہوں گے۔ پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کرانا ہوگا، تاکہ ہر پروڈکٹ کی شناخت اور تعداد کا ریکارڈ ایف بی آر کو منتقل ہو سکے۔
کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر سے ہی بارکوڈ حاصل کریں اور اسے پیکٹ پر نمایاں جگہ پر لگائیں۔ بارکوڈ کو ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ بغیر رجسٹریشن کے کوئی پیکٹ مارکیٹ میں نہیں لایا جا سکے گا۔
نئی مصنوعات متعارف کرانے یا موجودہ پیکنگ میں تبدیلی کی صورت میں کمپنیوں کو سات دن قبل تمام تفصیلات رجسٹر کرانی ہوں گی۔
اس سسٹم کے تحت ہر پیکنگ لائن پر خصوصی ہارڈویئر اور سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا، جو فیکٹری سے باہر جانے والے ہر پیکٹ کی اسکیننگ اور ریکارڈنگ کرے گا۔
ایف بی آر کے مطابق الیکٹرانک نگرانی کے بغیر کوئی بھی پیکجڈ چائے فیکٹری سے باہر نہیں نکالی جا سکے گی۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ اقدام شعبے میں موجود غیر دستاویزی کاروبار کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والی چائے کے معیار اور ٹیکس ادائیگی کی درست تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت