جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبرپختونخوا: ٹیچنگ اسپتالوں میں 500 ٹرینی رجسٹرارز کی ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ

قومی خبریں
خیبرپختونخوا: ٹیچنگ اسپتالوں میں 500 ٹرینی رجسٹرارز کی ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز میں ٹرینی رجسٹرار کی اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں صوبے بھر کے مختلف تدریسی اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 500 ٹرینی میڈیکل آفیسرز اپنی ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس اہم تبدیلی کے بعد صوبائی پالیسی بورڈ نے تمام بورڈز آف گورنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پالیسی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی بھرتیوں کے لیے جاری کردہ تمام اشتہارات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔

حکام نے مؤقف اپنایا ہے کہ ان آسامیوں کے ذریعے ایسے ڈاکٹروں کی تربیت میں توسیع کی جا رہی تھی جو اپنی مقررہ ٹریننگ کے باوجود ایف سی پی ایس امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے تھے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ایف سی پی ایس پاس کرنے والے ڈاکٹروں کو مواقع سے محروم رکھنا غیر منصفانہ عمل ہے۔ لہٰذا ٹرینی رجسٹرار کے بجائے اب ایکسپیرینشل رجسٹرار کی اسامیاں متعارف کرائی گئی ہیں جن کی مدت زیادہ سے زیادہ 2 سال ہو گی۔

ان ڈاکٹروں کی کارکردگی کا سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور غیر تسلی بخش کارکردگی پر انہیں عہدے سے ہٹایا جا سکے گا۔

فیصلے کے تحت موجودہ ٹرینی رجسٹرارز کو ان کے معاہدے کے مطابق زیادہ سے زیادہ 3 ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

پالیسی بورڈ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام طبی معیار کو بہتر بنانے اور تربیت کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ صرف اہل ڈاکٹرز ہی تدریسی عمل کا حصہ بن سکیں۔

اس فیصلے پر صوبے کے نوجوان ڈاکٹروں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینی رجسٹرار پہلے سے جونیئر رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں جدید طریقہ علاج سیکھنے کے لیے بڑے اسپتالوں میں بلایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے حکومت سے اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت