یہ سازشی نظریہ بالکل غلط ہےکہ عمران خان سے ملاقات 28 ویں ترمیم کیلئے کروائی گئی: رانا ثنا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ 28ویں آئینی ترمیم کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروائی گئی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اپیل کا فیصلہ جس روز آئے گا، اسی دن تمام سازشی نظریات اور ابہام ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان نہ کبھی دوری ہوئی ہے اور نہ آئندہ ایسا ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے اعتماد کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی تھی، جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق دونوں وکلا نے عمران خان سے مقدمات اور مختلف درخواستوں پر تفصیلی مشاورت کی، جبکہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی امور پر بھی عمران خان سے مشاورت کی۔ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر کروائی گئی۔
ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملاقات تین سے چار گھنٹے جاری رہی، جس میں عمران خان کی صحت اور مقدمات سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت