جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان میں شوگر کے مریض بڑھنے لگے، ہر تیسرا فرد متاثر

قومی خبریں
پاکستان میں شوگر کے مریض بڑھنے لگے، ہر تیسرا فرد متاثر

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ملک ایک سنگین طبی بحران کی لپیٹ میں ہے۔

انٹرنیشنل ذیابیطس فیڈریشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، پاکستان دنیا بھر میں ذیابیطس کے شکار بالغ افراد کی شرح کے اعتبار سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

ملک میں ہر 3 میں سے ایک بالغ فرد اس خاموش بیماری میں مبتلا ہے، جو قومی صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق، ذیابیطس دراصل ہمارے جسم کے خلیوں میں توانائی پہنچانے والے نظام میں خرابی کا نام ہے۔ جب جسم میں انسولین نامی ہارمون گلوکوز کو خلیوں تک پہنچانے میں ناکام رہتا ہے تو خون میں شوگر کا لیول خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے۔

ذیابیطس کی دو اہم اقسام ہیں، جن میں ٹائپ 2 سب سے زیادہ عام ہے۔ یہ بیماری نہ صرف ہماری بدلتی غذائی عادات بلکہ جسمانی سرگرمیوں کے فقدان کا نتیجہ ہے۔

پراٹھوں، فاسٹ فوڈ، کولڈ ڈرنکس اور چینی کا بے جا استعمال ہماری صحت کو تباہ کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، قریبی فاصلوں کے لیے سواری کا استعمال اور ورزش سے دوری نے اس خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ذیابیطس کے طویل عرصے تک جسم میں موجود رہنے سے اعصاب، بینائی، گردے اور دل پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ بیماری کی ابتدائی علامات جیسے کہ تھکن، بار بار پیاس لگنا اور وزن میں اچانک کمی کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جو بعد میں پیچیدگیوں کا باعث بنتا ہے۔ موروثی عوامل بھی اس مرض کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیاں، جیسے کہ انسولین کے استعمال کو آخری حل سمجھنا، مریضوں کی حالت کو مزید بگاڑ دیتی ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت طبی تشخیص اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ادویات کا استعمال ہی پیچیدگیوں سے بچنے کا واحد راستہ ہے۔ صحت مند طرز زندگی، متوازن خوراک اور روزانہ چہل قدمی کے ذریعے اس بیماری کے اثرات کو باآسانی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت