عمران خان کی دو بہنوں کی رہائی، پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطوں میں پیشرفت کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی دو بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی رہائی کو پارٹی اور حکام کے درمیان حالیہ پسِ پردہ رابطوں کا پہلا عملی نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت بعض یقین دہانیوں کے بعد سامنے آئی، جن میں فوجی قیادت کو تنقید کا نشانہ نہ بنانے اور سیاسی کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنا شامل ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ عوامی بیانات یا سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جاری محاذ آرائی کو مزید ہوا نہیں دیں گی۔ ان کے مطابق بہنوں نے فوج کی اعلیٰ قیادت پر تنقید سے گریز کرنے اور غیر متنازع رہنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ان رابطوں میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، وزیر داخلہ محسن نقوی اور لاہور میں موجود بعض سرکاری رابطہ کاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ انہی یقین دہانیوں کے نتیجے میں جمعرات کو ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا، تاہم عمران خان کی ایک اور بہن علیمہ خان بدستور زیر حراست ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت عمران خان کی جیل میں حالیہ ملاقات کے دوران نسبتاً نرم رویہ اختیار کرنے کی اطلاعات کے بعد سامنے آئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے اس ملاقات میں سخت لب و لہجے سے گریز کیا اور معاملات آگے بڑھانے کے لیے ممکنہ راستہ تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ وہ اپنی ذات کے بجائے بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں کے حوالے سے زیادہ فکرمند دکھائی دیے۔
باخبر ذرائع کے مطابق اہل خانہ کی شمولیت، بہنوں کی یقین دہانیوں اور عمران خان کے نسبتاً نرم رویے سے مزید پیشرفت کی توقعات پیدا ہوئی ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان کسی باضابطہ معاہدے کا عوامی سطح پر اعلان نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہوگا کہ فریقین اپنی یقین دہانیوں پر قائم رہیں اور ایسے بیانات سے گریز کریں جو کشیدگی میں دوبارہ اضافہ کر سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت