جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

انڈونیشیا کے کم عمر ترین نائب صدر جعلی اسناد کے تنازع پر مستعفی

قومی خبریں
انڈونیشیا کے کم عمر ترین نائب صدر جعلی اسناد کے تنازع پر مستعفی

جکارتا: انڈونیشیا کے سب سے کم عمر نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے اپنی تعلیمی اسناد کے تنازع اور بڑھتے ہوئے عدالتی دباؤ کے پیش نظر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ملک کی سیاسی فضا میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق 29 سالہ جبران راکا نے اپنا باضابطہ استعفیٰ صدر پرابوو سوبیانتو اور پارلیمنٹ کو بھجوا دیا ہے جسے صدر نے فوری طور پر قبول کر لیا ہے۔

انہوں نے استعفے کی وجوہات میں ذاتی مصروفیات کو بیان کیا لیکن ماہرین اسے عدالتی کارروائی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

تعلیمی اسناد کا یہ حساس معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب سپریم کورٹ نے سنگاپور سے حاصل کردہ ان کی ثانوی تعلیم کی سند کو ملکی معیار کے مطابق تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے مذکورہ ایکویلنس دستاویز کو قانونی طور پر کالعدم قرار دے دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد پارلیمنٹ کے 120 ارکان نے جبران راکا کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا تھا۔ سیاسی حلقوں میں اس مطالبے کو کافی تقویت ملی تھی جس کے باعث نائب صدر کے لیے اپنے عہدے پر برقرار رہنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق صدر جوکو ویدودو کے صاحبزادے جبران راکا نے 2024 کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنی تعلیمی دستاویزات کو انڈونیشیا کے ہائی اسکول کے مساوی قرار دیا تھا، تاہم عدالتی جانچ پڑتال کے دوران یہ دستاویزات انتخابی اہلیت کے قانونی تقاضوں پر پوری نہیں اتر سکیں۔

صدر پرابوو سوبیانتو نے استعفے کے بعد اپنے بیان میں جبران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی مفاد اور سیاسی استحکام کی خاطر یہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو ایک ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے جو ملکی بہتری کے لیے اٹھایا گیا۔

انڈونیشیا کے آئین کے تحت اب پارلیمنٹ کو 60 روز کے اندر ایک نئے نائب صدر کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ملک میں اس صورتحال کے بعد سیاسی جماعتیں مشاورت میں مصروف ہیں تاکہ خالی ہونے والے اس اہم ترین منصب پر کسی موزوں امیدوار کو جلد از جلد تعینات کیا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت