سکیورٹی فورسز کی کے پی اور بلوچستان میں کارروائیاں، 74 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 74 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میر علی میں کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 35 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 8 خوارج مارے گئے۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں سے خوارج کے نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا۔ علاقوں کی تلاشی اور کلیئرنس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور بارودی آلات شامل ہیں۔
بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جاری کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 31 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت