جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے ایران پر مزید بڑے حملے نہ کرنے کی درخواست کی: ٹرمپ کا دعویٰ

قومی خبریں
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے ایران پر مزید بڑے حملے نہ کرنے کی درخواست کی: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور دیگر خلیجی ممالک نے ان سے ایران پر مزید بڑے حملے نہ کرنے اور موجودہ حکمت عملی برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ چند دنوں میں ایران کے توانائی کے نظام، پلوں اور صنعتی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم فی الحال فوجی اور معاشی دباؤ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں اسٹیفن اے اسمتھ کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ موجودہ صورتحال کچھ عرصے تک برقرار رہے۔ ان کے بقول قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی اسی حکمت عملی کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ خود اس حکمت عملی سے مکمل اتفاق نہیں کرتے، لیکن خلیجی اتحادیوں کی درخواستوں کو اہمیت دے رہے ہیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ اگر اتحادی مزید حملے روکنے کا نہ کہتے تو کیا وہ ایران پر دوبارہ حملہ کرتے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ وہ ایسا ضرور کرتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر فیصلہ کیا جائے تو ایک دن میں ایران کے توانائی کے نظام، پلوں اور صنعتی پیداواری صلاحیت کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ اس کارروائی کی تکمیل میں تین دن لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جنگ فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں، تاہم فی الحال ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی صدر نے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ایران جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست میں کردار ادا کیا، تاہم انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کیا۔

ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں جنگ کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ خلیجی ممالک کی جانب سے مزید حملے روکنے کی درخواست سے متعلق تفصیلات امریکی صدر کے اپنے دعووں پر مبنی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت