کراچی: میر رضا کیس میں پولیس کا فوڈ چین پر چھاپا، اہم ریکارڈ اور اسلحہ ضبط

کراچی: پولیس نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے دوران ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد میں قائم فوڈ چین وافلیکس کی برانچ کو سیل کر دیا ہے اور وہاں سے اہم کاروباری ریکارڈ اور اسلحہ تحویل میں لے کر تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ زون کے ترجمان عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ پولیس نے میر رضا کے کاروباری پارٹنر احمد بھاردے کی فوڈ چین پر چھاپا مارا۔ کارروائی کے دوران ریسٹورنٹ سے اسلحہ برآمد ہوا جسے فرانزک معائنے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اس کیس کے ہر پہلو کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس چھاپے کے دوران برآمد ہونے والا تمام متعلقہ ریکارڈ اور ثبوت قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جن کی روشنی میں تفتیشی عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب احمد بھاردے کے اہل خانہ نے برآمد ہونے والے پستول سے متعلق اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلحہ احمد بھاردے کا ذاتی نہیں بلکہ سیکیورٹی گارڈ کا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تلاشی کے دوران یہ گارڈ کا سرکاری پستول ہی پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
اہل خانہ نے مزید کہا کہ نارتھ ناظم آباد میں واقع فوڈ چین کی یہ برانچ 29 جولائی سے بند پڑی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی گارڈز یہاں پستول چھوڑ کر جاتے تھے، اس لیے اس برآمدگی کو احمد بھاردے سے منسوب کرنا درست نہیں ہے اور وہ تعاون جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں جے آئی ٹی قائم کی گئی ہے۔ جے آئی ٹی نے مقتول کے والد کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے، جنہوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کیس کے حوالے سے کچھ اہم شواہد بھی حکام کے حوالے کیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت