مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں تکنیکی خرابی، لاکھوں صارفین مشکلات کا شکار

واشنگٹن: دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی اہم ترین سروسز میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے لاکھوں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ پلیٹ فارمز میں مائیکروسافٹ ٹیمز، آؤٹ لک اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر کوپائلٹ شامل ہیں جو تاحال جزوی طور پر غیر فعال ہیں۔
ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے جمعرات کو باضابطہ طور پر سروسز میں تعطل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیمیں کنکشن کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ خلل تکنیکی انفرااسٹرکچر پر پڑنے والے غیر معمولی بوجھ کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تکنیکی مسئلہ صارفین کی جانب سے ٹریفک میں کسی اچانک اضافے کے باعث نہیں بلکہ کئی سرورز کے یکدم غیر فعال ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
اس غیر متوقع صورتحال کے نتیجے میں فعال سرورز پر دباؤ بڑھ گیا جس سے سروسز تک رسائی متاثر ہوئی۔
آؤٹیج کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور امریکا سمیت کئی ممالک میں صارفین نے سروسز کی بندش کی بڑی تعداد میں شکایات درج کرائیں۔ صرف امریکا میں آؤٹ لک کے حوالے سے ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔
مائیکروسافٹ نے اپنی وضاحت میں مزید کہا کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے سرورز کی ترتیب میں ضروری تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرورز کی خودکار جانچ کے دوران پیش آنے والی تکنیکی خرابی کو درست کر کے سسٹم کو جلد معمول پر لایا جائے گا۔
عالمی سطح پر مائیکروسافٹ کی سروسز پر انحصار کرنے والے کاروباری اور تعلیمی اداروں کو اس تعطل کے باعث اپنے روزمرہ کے دفتری کاموں میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔
صارفین کی جانب سے سروسز کی مکمل بحالی کا بے تابی سے انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ معمولاتِ زندگی کا پہیہ دوبارہ رواں ہو سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت