پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کا فروغ، فن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا

اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے کاروباری لین دین کے روایتی طریقوں میں نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔
ملک میں فن ٹیک کے شعبے کی ترقی سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
گزشتہ برسوں کے اعداد و شمار کے مطابق ریٹیل ٹرانزیکشنز کی تعداد 14.3 ارب تک پہنچ چکی ہے جن کی کل مالیت 673 کھرب روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ موبائل بینکنگ کے صارفین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جو اب 24.1 ملین تک پہنچ چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام سو فیصد فعال کرنے کے لیے ایک واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے اہداف جلد پیش کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ موبائل بینکنگ ایپس استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ معیشت کو کیش لیس بنانے میں اپنا فعال اور موثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ بیرونِ ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کیا جائے۔ اس کے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقوم کی ادائیگی کو بھی ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنا شفافیت لانے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔
وزیراعظم نے انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عوامی ٹیکنالوجی تک رسائی کو مزید آسان بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دوران صارفین کو درپیش تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ لوگوں کا اعتماد بڑھے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل نہ صرف ملکی تجارت کو تیز تر بنا رہا ہے بلکہ اس سے مالیاتی نظام میں شفافیت بھی آ رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے یہ اقدامات مستقبل میں پاکستان کی معیشت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت