جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کامیابی کا راز تہجد کی نماز اور اللہ پر یقین ہے، فاسٹ بولر ثاقب خان

قومی خبریں
کامیابی کا راز تہجد کی نماز اور اللہ پر یقین ہے، فاسٹ بولر ثاقب خان

راولپنڈی: پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف اپنے شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ میدان میں اترنے سے قبل باقاعدگی سے تہجد کی نماز پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے سرخروئی کی دعا کرتے رہے ہیں۔

ثاقب خان نے کہا کہ ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنا ان کے لیے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں موقع ملنے میں اگرچہ کچھ تاخیر ضرور ہوئی ہے مگر دیر آید درست آید کے مصداق انہیں درست وقت پر موقع ملا۔

اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے لیجنڈ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی بولنگ تکنیک اور مستقل مزاجی سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے جو اب میدان میں کام آ رہا ہے۔

میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثاقب خان نے پہلی اننگز میں 130 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی اس غیر معمولی کارکردگی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور ٹیم کو ایک مستحکم پوزیشن پر کھڑا کرنے میں مدد فراہم کی۔

ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد کے پاس موجود ہے جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ثاقب خان جیسے نوجوان بولرز کی آمد سے قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو مزید تقویت ملے گی۔ جس طرح انہوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے امید کی جا سکتی ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے لیے کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت