ایران کیخلاف طاقت استعمال کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی، ضرورت پڑی تو ابھی فوجی کارروائی کرسکتا ہوں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اس وقت ایران کے خلاف جنگ جیتنے کے مراحل میں ہے اور وہ جب چاہیں اس جنگ میں فتح حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف جنگ میں شکست کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور اگر ان کی صدارت ختم ہونے کے بعد بھی ایرانی قیادت برسر اقتدار رہی تو یہ ان کی شکست تصور ہوگی۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو مکمل طور پر بے اثر کردیا ہے، وہاں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، معیشت تباہ ہوچکی ہے اور فوجیوں کو تنخواہیں بھی نہیں مل رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی اور ضرورت پڑنے پر امریکا فوری فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کو تہران کے ساتھ کسی معاہدے کی بھی ضرورت نہیں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اسرائیل میں 99 فیصد مقبول ہیں اور وہاں جاکر وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ کیوبا کے خلاف مختصر فوجی کارروائی پر غور کرسکتے ہیں اور صدارت چھوڑنے سے پہلے کیوبا کا معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی صدارت شاندار رہی ہے اور آئندہ دو سال بھی اچھے گزریں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت