کلگام واقعے پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے کلگام واقعے سے متعلق بھارتی ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ پر پاکستان کے خلاف الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر فرضی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو ملوث کرنے کی کوششیں بے بنیاد ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلے سماجی ذرائع ابلاغ اور بعد ازاں برقی ذرائع ابلاغ کے ذریعے پاکستان پر الزامات عائد کیے۔ کلگام میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پر حملے سے متعلق خبریں چلانا ہندوتوا حکومت کے حامی بھارتی ذرائع ابلاغ کا پرانا اور فرسودہ طریقہ کار ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت اندرونی انتشار اور سیاسی تقسیم سے توجہ ہٹانے کے لیے وہی پرانے ذرائع ابلاغ کے اداروں اور چہروں کو استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کے خلاف الزامات عائد کرنے کے لیے ایک بار پھر پرانے بیانیے اور روایتی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں فائرنگ کے واقعے میں تین بھارتی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت