کویت میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مالیاتی نگرانی سخت

کویت: خلیجی ملک کویت نے منی لانڈرنگ اور غیرقانونی رقوم کی منتقلی کی روک تھام کے لیے مالیاتی نگرانی مزید سخت کردی ہے، جس کے تحت اب بینک 3 ہزار کویتی دینار سے کم کی بار بار ہونے والی رقوم کی منتقلی اور نقد رقم جمع کرانے کے عمل پر بھی کڑی نظر رکھیں گے۔
رپورٹس کے مطابق کویت کے بینک نئی ضابطہ جاتی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مشکوک مالی لین دین کی نشاندہی کرنا اور ایسی ممکنہ کوششوں کو روکنا ہے جن کے ذریعے بڑی رقوم کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے مقررہ رپورٹنگ کی حد سے بچنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
نئے نگرانی کے طریقہ کار کے تحت اب کسی بھی مالی لین دین کا جائزہ صرف اس کی انفرادی رقم کی بنیاد پر نہیں لیا جائے گا بلکہ ایک مخصوص مدت کے دوران ہونے والی بار بار کیش ڈپازٹس اور رقوم کی منتقلی کی تعداد، وقت اور مجموعی مالیت کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ اگر کسی صارف کی جانب سے مسلسل چھوٹی رقوم جمع کرانے یا منتقل کرنے کا ایسا انداز سامنے آتا ہے جو مشکوک محسوس ہو تو بینک اس کی مزید جانچ کریں گے۔
اس سے قبل کویتی بینک اپنے رپورٹنگ نظام میں ایسے نقد ڈپازٹس اور کویت میں بیرون ملک سے آنے والی رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ مرتب کرتے تھے جن کی مالیت ایک صارف کے لیے ایک دن میں 3 ہزار کویتی دینار یا غیرملکی کرنسی میں اس کے مساوی رقم تک پہنچتی تھی یا اس سے زیادہ ہوتی تھی۔
اب نگرانی کا دائرہ ان مالی سرگرمیوں تک بھی وسیع کیا جا رہا ہے جن میں لین دین کی رقم مقررہ حد سے کم رکھی جاتی ہے۔ بالخصوص ایسے معاملات پر توجہ دی جائے گی جہاں بظاہر چھوٹی رقوم کی مسلسل منتقلی سے یہ شبہ پیدا ہو کہ رقم کو جان بوجھ کر تقسیم کرکے مالیاتی نگرانی اور رپورٹنگ کے نظام سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کویت کے مرکزی بینک نے مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ابتدائی نگرانی کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور اسے مزید مؤثر بنائیں تاکہ مقررہ حد سے کم بار بار ہونے والے نقد ڈپازٹس اور مشکوک مالی لین دین کی بروقت نشاندہی ممکن بنائی جا سکے۔
اس اقدام کے بعد کویت میں بینکنگ نظام کے ذریعے رقوم جمع کرانے اور منتقل کرنے والے صارفین کی مالی سرگرمیوں کی جانچ مزید سخت ہونے کا امکان ہے جبکہ منی لانڈرنگ اور غیرقانونی رقوم کی منتقلی میں ملوث عناصر کے لیے نگرانی کے نظام سے بچنا مشکل ہو جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت