ترکی میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 اہلکار جاں بحق

انقرہ: ترکی کے مشرقی حصے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ مشرقی صوبے مالاتیا میں پیش آیا، جس کے بعد امدادی اداروں اور سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں۔ ترکی کی وزارتِ دفاع نے حادثے میں 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز صوبہ مالاتیا میں فوج کا ایس 70 (S-70) ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا اور زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 4 فوجی اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ متعلقہ حکام واقعے کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں جبکہ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے۔
مقامی نشریاتی اداروں کی جانب سے نشر کی جانے والی فوٹیج میں حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ فوٹیج میں ایمبولینسوں، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے حادثہ پر موجود دکھایا گیا جبکہ تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے دھواں اور شعلے بلند ہوتے نظر آئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تاکہ امدادی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا۔
ترکی کی وزارتِ دفاع نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں جاں بحق اہلکاروں کے لیے رحمت اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
حادثے کے بعد ترکی میں فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازوں اور حفاظتی انتظامات سے متعلق سوالات بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں، حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے حادثے کی کسی مخصوص وجہ کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ ایس 70 فوجی ہیلی کاپٹر مختلف فوجی اور امدادی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مالاتیا میں پیش آنے والے اس حادثے کی اصل وجوہات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت