جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

واشنگٹن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی، حملہ آور کی تلاش جاری

قومی خبریں
واشنگٹن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی، حملہ آور کی تلاش جاری

واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مسلح نامعلوم شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے حملہ آور کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ واشنگٹن ڈی سی کے علاقے لوگن سرکل میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اور ان کی حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آور کی تلاش شروع کردی، مشتبہ مسلح شخص لوگن سرکل کے علاقے میں واقع ایک عمارت کے اندر موجود تھا جبکہ امریکی میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور ایک فٹنس سینٹر کے اندر چھپا ہوا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی اور قریبی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تاکہ امدادی سرگرمیوں اور پولیس کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی اسکولوں میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، جس کے باعث طلبہ اور اسکولوں کے عملے کو عمارتوں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں موجود شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے۔ پولیس اہلکاروں نے عمارتوں اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی شروع کردی جبکہ حملہ آور کی موجودگی کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیے گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا مقام وائٹ ہاؤس سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس کے باعث واقعے کی حساسیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور نے فائرنگ کیوں کی اور آیا اس کا کسی مخصوص شخص یا ادارے کو نشانہ بنانے کا ارادہ تھا۔

پولیس حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کی شناخت، فائرنگ کے محرکات اور زخمی ہونے والے افراد کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت