مالدیپ کا اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے داخلے پر غیرمشروط پابندی کا فیصلہ

مالے: مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر عائد پابندی کی توثیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں انہیں مالدیپ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں امیگریشن قوانین میں ترمیم کے لیے مجوزہ قانون سازی کے تحت پابندی کو غیرمشروط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر محمد معیزو نے صدارتی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے مالدیپ میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی، جس کے تحت حالات میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے باوجود اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صدر کے دفتر سے جاری بیان میں بھی اس فیصلے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق حکومت نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے داخلے پر پابندی کے معاملے کو امیگریشن قوانین کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس پابندی پر مستقل بنیادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل پیش کی جانے والی تجاویز میں اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے سے مشروط کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جب تک اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جاری کارروائیاں ختم نہیں کرتا، اس وقت تک اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کو مالدیپ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
قانون سازی میں اس شرط کو ختم کرتے ہوئے پابندی کو غیرمشروط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی صورت حال میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کے باوجود اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے مالدیپ میں داخلے کی ممانعت برقرار رہے گی۔
صدر محمد معیزو نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو مالدیپ میں داخلے کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔ ان کے مطابق فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز کے بعد متعدد ممالک میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور مختلف سطحوں پر سفارتی و سیاسی ردعمل سامنے آیا ہے۔ مالدیپ میں بھی فلسطینی عوام کے حق میں آواز اٹھائی جاتی رہی ہے اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف حکومتی سطح پر بیانات دیے جاتے رہے ہیں۔
مالدیپ اپنے خوبصورت سیاحتی مقامات اور جزائر کی وجہ سے دنیا بھر میں معروف ہے اور بڑی تعداد میں غیرملکی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے داخلے پر غیرمشروط پابندی کے فیصلے کو ملک کی امیگریشن پالیسی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،قانون سازی کے نفاذ کے بعد اس پابندی پر عمل درآمد کی قانونی بنیاد مزید مضبوط ہوجائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت