جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے صوبے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی رضامندی سے ہی بنیں گے، وفاقی وزیر داخلہ

قومی خبریں
نئے صوبے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی رضامندی سے ہی بنیں گے، وفاقی وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام اسی صورت ممکن ہوگا جب تمام سیاسی جماعتیں اور متعلقہ فریق اس پر متفق ہوں گے، بصورت دیگر نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے۔ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے اہم ہے اور اس حوالے سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ عوام سے براہ راست رائے لی جائے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں ہوں گے تو وہ بھی عوام کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ہر سیاسی جماعت کا اپنا مؤقف ہے اور اس معاملے میں تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے پیپلز پارٹی کا اس حوالے سے اپنا مؤقف ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کی بھی اپنی آرا ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر تمام سیاسی جماعتیں اہمیت رکھتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور ہم سب ایک ساتھ ہیں اور نئے صوبوں کے معاملے پر جو بھی فیصلہ ہوگا وہ باہمی اتفاق رائے سے ہوگا، اختلافات یا کسی جماعت کو نظر انداز کرکے کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوام کی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔ اگر عوام کی رائے حاصل کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا بہتر طریقہ موجود ہے تو اس پر بھی غور کیا جاسکتا ہے، حتمی طور پر عوام کی خواہشات اور تمام متعلقہ فریقوں کے اتفاق کو مدنظر رکھنا ہوگا، اگر سب راضی ہوں گے تو ہی نئے صوبوں کے قیام سمیت دیگر معاملات آگے بڑھیں گے۔

بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے اس حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ معلوم نہیں کیا ہونے والا ہے اور آئندہ کیا صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، اس معاملے میں جو کچھ بھی ہوگا وہ قانون کے مطابق ہوگا۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ کو جو قانونی حق حاصل ہے، وہ انہیں ملنا چاہیے اور عدالت کی جانب سے جو ریلیف یا فیصلہ دیا جائے گا، اسی پر عمل ہوگا، قانونی معاملات میں عدالت کا فیصلہ ہی اہمیت رکھتا ہے، اس کے علاوہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور باقی تمام معاملات پہلے کی طرح ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم اور خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی خواتین اور بچیوں کو آن لائن بلیک میل کرنے یا ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن فراڈ کے بیشتر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ایک تشویش ناک صورتحال ہے۔ سائبر جرائم میں ملوث عناصر مختلف طریقوں سے شہریوں کو دھوکا دیتے اور ان کی ذاتی معلومات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ ایسے جرائم کی روک تھام اور متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزارت داخلہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کسی سرکاری ادارے میں بدعنوانی یا کرپشن کے حوالے سے معلومات حاصل ہوں تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔ حکومت کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضوں کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی زمینوں پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی، زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف اقدامات ضروری ہیں اور اس سلسلے میں شہریوں کو بھی متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سائبر جرائم، خواتین کو بلیک میل کرنے، بدعنوانی اور زمینوں پر غیر قانونی قبضوں سمیت مختلف مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کی نشاندہی اور تعاون سے ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت