جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عمران سےملاقاتوں کاتعلق28ویں ترمیم سےجڑاہے،سعد رفیق

قومی خبریں
عمران سےملاقاتوں کاتعلق28ویں ترمیم سےجڑاہے،سعد رفیق

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں، مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج بارے تجزیہ پیش کرتے ہوئے ایک نئے میثاقِ پاکستان کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل میں عمران خان کی ان کی مقید اہلیہ بشریٰ بی بی اور وکلا سے ہونے والی ملاقاتیں ایک خوش آئند اور اچھی بات ہیں۔

نا صرف عمران خان کی قیدِ تنہائی ختم ہونی چاہیے بلکہ اگر وہ چاہیں تو تمام اسٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے لیے بھی پرامن سیاست کا سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیے۔

انہوں نے اپنے اندازے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی حتمی خبر نہیں ہے، تاہم ان کے خیال میں جیل میں ہونے والی ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہو سکتا ہے۔

سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کے انکار کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کےلیے شاید یہ تجویز عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو کہ اگر وہ اس معاملے پر تعاون کریں تو ان کی حمایت کے بدلے مقتدرہ پی ٹی آئی کےلیے سیاسی آسانیاں مہیا کر سکتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ بھی عین ممکن ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے سنگین معاملے پر وفاق سے مکمل تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوے نہ بولنے کی ضمانت کے بدلے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی ہو۔

دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کےلیے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا ایک پیج پر اور اکٹھا ہونا نہایت ضروری امر ہے۔ اس مقصد کے حصول کےلیے بھرپور کوشش کی جانی چاہیے۔

چھوٹے صوبوں کے قیام کو ایک خاصا حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اس کا مطالبہ ایک عرصے سے موجود ہے اور حقیقتاً اس کی ضرورت بھی محسوس کی جاتی ہے۔

پیپلز پارٹی خصوصاً اہلِ سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید سیاسی قیادت کو تعاون کے بدلے رعایتیں دینے کی کسی ڈیل کے ذریعے چھوٹے صوبوں کی تشکیل پیچیدگیاں مزید بڑھا سکتی ہے اور اس کارِ خیر کی اصل روح کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے تجویز دی کہ زیادہ مناسب ہو گا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے لیے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے، ورنہ مستقبل میں آنے والی کوئی بھی پارلیمنٹ موجودہ ترامیم کو ختم کر سکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت