جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ کی میکسیکو کو دھمکی: تارکین وطن کے قافلے نہ روکنے پر محصولات دوگنا کرنے کا اعلان

قومی خبریں
ٹرمپ کی میکسیکو کو دھمکی: تارکین وطن کے قافلے نہ روکنے پر محصولات دوگنا کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے امریکا کی جانب بڑھنے والے تارکین وطن کے قافلوں کو فوری طور پر نہ روکا تو میکسیکو سے درآمد ہونے والی اشیا پر عائد محصولات دوگنا کردیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات 12 نومبر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ میکسیکو کو ان قافلوں کو فوری طور پر روکنا ہوگا، بصورت دیگر امریکا میکسیکو پر عائد محصولات میں فوری طور پر دوگنا اضافہ کردے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً 1500 تارکین وطن پر مشتمل ایک قافلہ منگل کے روز میکسیکو کے جنوبی شہر تاپاچولا سے امریکا کی جانب روانہ ہوا تھا۔ ان میں زیادہ تر افراد کا تعلق وسطی امریکی ممالک سے بتایا گیا ہے۔ یہ شہر گوئٹے مالا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

تارکین وطن کے اس قافلے میں شامل افراد امریکا میں رہائش اور روزگار کے مواقع حاصل کرنے کی امید کے ساتھ شمال کی جانب سفر کر رہے ہیں۔ بعض تارکین وطن کا خیال ہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد امریکا کی امیگریشن پالیسی میں نرمی آسکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ دوبارہ بڑھ رہا ہے اور بڑے بڑے قافلے میکسیکو کے راستے امریکی سرحد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض ممالک ایسے افراد کو امریکا کی جانب بھیج رہے ہیں جنہیں وہ اپنے ہاں نہیں رکھنا چاہتے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ میکسیکو کی حکومت، ٹیکساس کی نومنتخب ڈیموکریٹ گورنر جینا ہینوجوسا، امریکی بارڈر پیٹرول اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کو اس معاملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور میکسیکو کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل بھی غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے میکسیکو پر تجارتی محصولات عائد کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت