جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایرانی انتباہ کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 2جہازوں پر دھماکے،آگ بھڑک اٹھی

قومی خبریں

کراچی: آبنائے ہرمز میں دو آئل سپر ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں پر لدا 40 لاکھ بیرل سے زائد تیل بھی آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے واقعے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جہازوں نے بار بار انتباہ کے باوجود آبنائے ہرمز میں ممنوعہ اور غیر محفوظ جنوبی بحری راستہ اختیار کیا تھا۔

ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ دونوں آئل سپر ٹینکرز بدھ کی رات آبنائے ہرمز سے گزر رہے تھے کہ اچانک شدید دھماکوں کا نشانہ بن گئے۔ دھماکوں کے بعد دونوں جہازوں کی نقل و حرکت رک گئی اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر 40 لاکھ بیرل سے زائد تیل لدا ہوا تھا، جو آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ ایرانی بحریہ نے الزام عائد کیا کہ جہازوں نے آبنائے ہرمز کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ انتباہات کو نظر انداز کیا اور غیر مجاز بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔

ایرانی حکام نے اس واقعے کو امریکی فوجی تحفظ پر انحصار کرنے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ایسے دیگر جہازوں کو بھی خبردار کیا ہے جو ایران کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں کے بجائے متبادل راستے استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت