جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، 6 فلسطینی شہید

قومی خبریں

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں نہ رک سکیں، خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس پر فضائی حملے کے نتیجے میں سرجن سمیت 6 فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے آج صبح خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسپتال میں موجود طبی عملے اور دیگر افراد بھی متاثر ہوئے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں اسپتال کے سرجن سمیت طبی عملے کے دیگر ارکان بھی شامل ہیں، جبکہ شدید بمباری کے باعث اسپتال کا انتہائی نگہداشت کا یونٹ اور شعبہ جراحی بری طرح تباہ ہوگیا۔ حملے میں زخمی ہونے والے 20 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حملے سے متعلق مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کارروائی میں حماس کے ایک سینئر رہنما اور تنظیم کے دیگر ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر مزاحمتی تنظیم حماس نے طبی مرکز پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔ تنظیم نے امریکا اور جنگ بندی میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے بھی اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں اب تک 1,600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت