ایران جنگ کے خاتمے کے لیے جے ڈی وینس ایرانی قیادت سے مذاکرات پر آمادہ

امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطوں کی کوششیں تیز ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی قیادت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے لیے ملاقات پر غور کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران کی قدامت پسند قیادت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے جنگ کے خاتمے کا راستہ تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مجوزہ ملاقات کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے سفارتی حل کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی نائب صدر کی ایرانی رہنماؤں سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی تاریخ یا مقام طے نہیں کیا گیا، جبکہ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ ایرانی قیادت کی جانب سے کون سا رہنما اس ممکنہ مذاکراتی عمل میں شریک ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی تہران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران کے ساتھ بات چیت کے معاملے پر نائب صدر جے ڈی وینس کو ضروری اختیارات سونپ دیے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی ان اطلاعات کے بعد ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطح پر براہِ راست سفارتی رابطوں کے امکانات زیرِ بحث آگئے ہیں، تاہم وائٹ ہاؤس یا ایرانی حکام کی جانب سے مجوزہ ملاقات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت