انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلادیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
عمان کے شہر العامرات میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلادیش کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 138 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔
بنگلادیش کی جانب سے عبداللہ المہی نے 50 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ رقیب الحسن 26 اور آل رفیع 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر بلے باز پاکستانی بولنگ کے سامنے خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صیام نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور احمد حسین نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
139 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور محض 21.5 اوورز میں ایک وکٹ گنوا کر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔
حیان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 72 گیندوں پر 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسری جانب عثمان خان نے بھی بھرپور بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 54 گیندوں پر 64 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جبکہ عبدالقادر 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان نے یہ ہدف 169 گیندیں باقی رہتے حاصل کیا اور مقابلہ 9 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ اس شاندار فتح کے نتیجے میں قومی انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت