جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں کل بارش کی پیشگوئی

قومی خبریں
کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں کل بارش کی پیشگوئی

کراچی: شہر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے اثرات کے باعث کل موسم میں تبدیلی کا امکان ہے، جس کے تحت شہر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے، جس کے اثرات سندھ کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے جاسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز جامشورو، ٹھٹھہ، قمبر شہداد کوٹ اور دادو میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم رات کے اوقات میں خنکی بڑھ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت