جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود ایران میزائل پروگرام جاری رکھے گا: احمد واحدی

قومی خبریں
امریکی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود ایران میزائل پروگرام جاری رکھے گا: احمد واحدی

ایران نے امریکا اور دیگر مخالف قوتوں کی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود اپنے میزائل پروگرام کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا عمل کسی دباؤ کے تحت نہیں روکا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) کے کمانڈر انچیف احمد واحدی نے اپنے ایک پیغام میں ملک کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بانی تصور کیے جانے والے حسن تہران مقدم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن آج بھی پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

احمد واحدی نے پاسدارانِ انقلاب کی فضائی و خلائی فورس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج پہاڑوں کے اندر اور زمین کی گہرائیوں میں دفاعی تنصیبات اور عسکری صلاحیتوں کو مزید وسعت دینے میں مصروف ہیں۔ ان کے بقول ملک کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف محاذوں پر مسلسل کام جاری ہے۔

انہوں نے دشمن قوتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ حسن تہران مقدم کی شروع کردہ جدوجہد کو دھمکیوں اور پابندیوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ یہ مشن قربانی، ثابت قدمی اور پختہ ایمان کے جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ نے اس موقع پر فضائی و خلائی فورس کے سابق کمانڈروں امیر علی حاجی زادہ اور محمود باقری کی خدمات کو بھی سراہا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

احمد واحدی نے عسکری اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ سابق کمانڈروں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایران کی دفاعی اور میزائل صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت