14 سالہ اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے انعامی رقم کی ادائیگی اور مالی معاونت کی اپیل

پشاور سے تعلق رکھنے والی انٹرنیشنل جونیئر اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپنی واجب الادا انعامی رقم کی ادائیگی اور مالی معاونت فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
ماہ نور علی کا کہنا ہے کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ ایشین جونیئر سپر سیریز میں چار مرتبہ گولڈ میڈل جیت چکی ہیں، جبکہ گزشتہ اور رواں برس ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔
ان کے مطابق ان کامیابیوں کے باوجود انہیں تاحال اپنی جائز پرائز منی نہیں مل سکی۔ ماہ نور نے الزام لگایا کہ وہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اس کے صدر کے دفتر کے متعدد چکر لگا چکی ہیں، لیکن انہیں اب تک ان کا حق نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت، سفر، تربیت اور دیگر اخراجات برداشت کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی انعامی رقم فوری ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے میڈلز جیت سکیں۔
ماہ نور علی کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی محنت کا صلہ اور حکومتی سرپرستی نہ ملی تو مستقبل میں اس کھیل کو اپنانے اور ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ ان کی آواز سنی جائے اور پاکستان کے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت