حوثیوں کے مسجد الحرام کے قریب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیے

سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ مکہ مکرمہ کی سمت آنے والے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا، تاہم تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ شہر کے نواحی علاقوں میں 2 مختلف مقامات پر گرا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا تھا، تاہم ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے اطراف میں گرا۔
سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ملبہ گرنے کے مقامات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں پہلا مقام صبوحہ گاؤں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق یہ میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے، جنہیں دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں تباہ کردیا۔
ادارے نے جمعرات کی علی الصبح جاری کردہ بیان میں میزائل حملے کا ذمہ دار حوثی ملیشیا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادیوں اور مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں حوثیوں کے جارحانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب کے الزامات پر حوثی ملیشیا کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزادانہ ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت