جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا بھی فیصلہ

قومی خبریں
عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا بھی فیصلہ

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ دنوں میں پمز اسپتال کے بجائے کسی نجی اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اسپتال انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ انہیں کتنے عرصے تک اسپتال میں رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر کی ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات میں عمران خان کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی تھی۔ اسی رابطے کے بعد دو وکلا کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ انہیں پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ بھی اسی پیشرفت سے جوڑا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کے امکانات پر بھی بات چیت جاری ہے۔ دوسری جانب ان کی بہنوں کی رہائی کا معاملہ بھی زیر غور ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے پیشرفت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو بھی چند روز میں اسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں ذرائع کے مطابق گفتگو قانونی اور سیاسی معاملات تک محدود رہی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت