واٹس ایپ میں ایک بہترین نئے فیچر کا اضافہ
میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنے مقبول ’’ویو ونس‘‘ فیچر میں بڑی تبدیلی متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت اب تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ تحریری پیغامات بھی ایک مرتبہ دیکھے جانے کے بعد خودکار طور پر غائب ہوجائیں گے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں یہ سہولت ابتدائی طور پر اگست 2021 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کا مقصد صارفین کو ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا موقع فراہم کرنا تھا جو وصول کنندہ کی جانب سے ایک مرتبہ کھولے جانے کے بعد دوبارہ دستیاب نہ رہیں۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کے نئے آزمائشی نسخے میں تحریری پیغامات کے لیے بھی یہ سہولت فراہم کردی ہے۔ اس کے ذریعے آزمائشی نسخہ استعمال کرنے والے صارفین ایسے پیغامات بھیج سکیں گے جو وصول کنندہ کے ایک مرتبہ پڑھنے کے بعد خود بخود چیٹ سے حذف ہوجائیں گے۔
اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین اپنی اہم اور خفیہ معلومات زیادہ محفوظ انداز میں دوسروں تک پہنچا سکیں گے۔ بالخصوص پاس ورڈ، بینک کارڈ کی تفصیلات اور دیگر نجی معلومات کے تبادلے میں یہ فیچر کارآمد ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ پیغام ایک مرتبہ دیکھے جانے کے بعد دوبارہ کھولنے کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ایسے پیغامات کو وصول کرنے والا شخص انہیں ایک مرتبہ کھول کر پڑھ سکے گا، جس کے بعد وہ خودکار طور پر غائب ہوجائیں گے۔ مزید یہ کہ پیغام کو نقل کرنے، کسی دوسرے شخص کو ارسال کرنے یا محفوظ کرنے کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی، جبکہ اس کا اسکرین شاٹ لینے پر بھی پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ میں پہلے سے غائب ہونے والے پیغامات کی سہولت موجود ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی گفتگو کو مخصوص مدت کے بعد خودکار طور پر حذف کرنے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ تاہم نئے ویو ونس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے پوری گفتگو پر کوئی پابندی عائد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صارف اپنی مرضی کے مطابق صرف ایک مخصوص تحریری پیغام کو اس سہولت کے تحت بھیج سکے گا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جب واٹس ایپ نے پہلی مرتبہ ویو ونس متعارف کرایا تھا تو کمپنی نے اسے حساس معلومات کی تصاویر، مثلاً وائی فائی کے خفیہ کوائف اور دیگر نجی تفصیلات، محفوظ انداز میں شیئر کرنے کے لیے مفید قرار دیا تھا۔ اب اسی تصور کو تحریری پیغامات تک وسعت دی جارہی ہے۔
واٹس ایپ صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ایک مرتبہ دیکھے جانے کے بعد غائب ہونے والے پیغامات کی سہولت صرف تصاویر اور ویڈیوز تک محدود نہ رکھی جائے بلکہ اسے تحریری گفتگو کے لیے بھی فراہم کیا جائے۔
فی الحال یہ نیا فیچر صرف اینڈرائیڈ کے آزمائشی نسخے کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے عام صارفین کو اس سہولت کے حصول کے لیے مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت