نیویارک: بروکلین میں تین منزلہ عمارت کا حصہ منہدم، ایک شخص ہلاک، 9 زخمی
امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ایک شخص تاحال ملبے تلے پھنسا ہوا ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق حادثہ فلیٹ بش کے علاقے میں سہ پہر 4 بجے کے بعد پیش آیا، جہاں 1321 فلیٹ بش ایونیو پر واقع عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوکر ساتھ موجود تعمیراتی مقام پر جاگرا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ زخمیوں میں سے کم از کم دو کی حالت تشویشناک ہے۔ امدادی کارکنوں کا ملبے تلے دبے شخص سے رابطہ قائم ہے اور اسے نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے کے بعد محکمہ عمارت کے انسپکٹرز نے جائے وقوع کا معائنہ شروع کردیا ہے تاکہ اطراف کی عمارتوں کے ڈھانچے کی مضبوطی کا جائزہ لیا جاسکے۔
نیویارک پولیس نے شہریوں کو بیڈفورڈ اور فلیٹ بش ایونیو کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ حادثے کے باعث سڑکیں بند ہونے اور ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت