فیصل کریم کنڈی کی سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر کی تلاش میں سرمایہ کاری کی دعوت
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں معدنی وسائل کی تلاش اور کان کنی کے شعبے کو وسعت دینے کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند تمام افراد اور اداروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا اور انہیں محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش انتظامی مشکلات دور کرنے کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کے تحت سرمایہ کاری سے متعلق مختلف محکموں کے امور ایک ہی مقام پر نمٹانے کی سہولت میسر ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے طریقہ کار آسان بنانا اور منصوبوں پر کام شروع کرنے میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور حکومت کان کنی کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔
انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ معدنی وسائل کی تلاش اور ان سے استفادے کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر بتایا کہ قدرتی گیس کی پیداوار کے حوالے سے خیبر پختونخوا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے، جو صوبے میں موجود قدرتی وسائل کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے صوبے کے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت