جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

11/11 سیل میں حیران کن سودا، چینی شہری نے محض 458 روپے میں پورا فلیٹ خرید لیا

قومی خبریں

چین میں سستی اشیا کی فروخت کے لیے مشہور سالانہ خریداری میلے ’’ڈبل الیون‘‘ کے دوران ایک ایسا انوکھا سودا سامنے آیا ہے جس نے خریداروں اور صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ اس موقع پر ایک مکمل رہائشی فلیٹ محض 11 یوآن میں نیلام کردیا گیا، جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 458 روپے سے کچھ زیادہ بنتی ہے۔

یہ غیر معمولی نیلامی چینی صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں منعقد ہوئی، جہاں 11 نومبر کو ہونے والے ڈبل الیون خریداری میلے کے تحت مختلف اشیا رعایتی قیمتوں پر فروخت کی جاتی ہیں۔ تاہم اس مرتبہ سستی اشیا کی فہرست میں ایک گھر بھی شامل ہوگیا، جس کی قیمت نے سب کو حیران کردیا۔

نیلامی کے لیے پیش کیا جانے والا فلیٹ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور ایک رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے۔ 2 خواب گاہوں والے اس اپارٹمنٹ کی فروخت نے خریداری میلے میں کم قیمتوں کے تمام سابقہ تصورات کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رپورٹس کے مطابق اس فلیٹ کی نیلامی کا آغاز صرف 1 یوآن سے کیا گیا تھا، جس میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے بتدریج بولی بڑھائی اور بالآخر اس کی قیمت 11 یوآن تک پہنچ گئی۔ آن لائن نیلامی کے پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق 5 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والی اس بولی میں مجموعی طور پر 1667 افراد نے حصہ لیا۔

نیلامی میں کامیابی حاصل کرنے والے شخص کا تعلق چین کے مشرقی صوبے سے بتایا جاتا ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ اتنی معمولی قیمت پر فلیٹ حاصل کرنے کے بعد وہ خود بھی حیران رہ گیا۔ براہ راست نشر ہونے والی نیلامی کے دوران اس نے بتایا کہ فی الحال اس کا شہر منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، البتہ وہ اس جائیداد کو اپنے پاس رکھنا چاہتا ہے تاکہ تعطیلات کے دوران وہاں قیام کرسکے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلیٹ کی نیلامی میں ادا کی جانے والی 11 یوآن کی رقم ہی خریدار کا مکمل خرچ نہیں ہوگی، بلکہ جائیداد کی قانونی ملکیت اپنے نام منتقل کرانے کے لیے اسے مزید 2000 یوآن بھی ادا کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب شہر میں جائیدادوں کی خرید و فروخت سے متعلق مختلف برقی ذرائع کے تخمینوں کے مطابق استعمال شدہ رہائشی فلیٹ کی عمومی بازاری قیمت تقریباً 40 ہزار یوآن ہے۔ اس اعتبار سے محض 11 یوآن میں ہونے والا یہ سودا معمول کی جائیدادوں کی قیمت کے مقابلے میں انتہائی غیر معمولی ہے۔

فلیٹ کی نیلامی کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک منتظم نے بتایا کہ یہ پیشکش ڈبل الیون کی تشہیری مہم کا حصہ تھی، جس کے لیے ایک برقی تجارتی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ تجارتی کمپنی برداشت کرے گی، جس کے باعث اتنی کم قیمت پر جائیداد فروخت کرنا ممکن ہوا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت