جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ضرورت سے زیادہ پروٹین کھانے سے مسلز نہیں بنتے، ماہرین نے اہم وجہ بتادی

قومی خبریں
ضرورت سے زیادہ پروٹین کھانے سے مسلز نہیں بنتے، ماہرین نے اہم وجہ بتادی

پٹھوں کو مضبوط اور جسامت کو بہتر بنانے کے خواہش مند افراد میں زیادہ پروٹین استعمال کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے، تاہم ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ضرورت سے زیادہ پروٹین کھانے سے پٹھوں کی نشوونما کی رفتار نہیں بڑھتی بلکہ اس کے طویل مدتی استعمال سے جسمانی صحت کے دیگر مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔

صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں پٹھوں کی تعمیر اور مضبوطی کے لیے پروٹین بنیادی غذائی جزو ضرور ہے، لیکن اس کی ایک مخصوص مقدار ہی پٹھوں کی نشوونما کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے۔ مقررہ ضرورت سے زیادہ پروٹین استعمال کرنے سے اضافی مقدار پٹھوں کی تعمیر میں براہ راست کوئی کردار ادا نہیں کرتی بلکہ جسم اسے توانائی کے حصول کے لیے استعمال کرسکتا ہے یا اضافی اجزا خارج کردیتا ہے۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے بتایا کہ پٹھوں کی افزائش کے عمل کو طبی اصطلاح میں مسل ہائپرٹرافی کہا جاتا ہے، جس کے لیے مناسب مقدار میں پروٹین کے ساتھ باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور درست ورزش بھی ضروری ہے۔ صرف پروٹین کی مقدار بڑھانے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے، کیونکہ پٹھوں کی مضبوطی کا انحصار کئی عوامل پر ہوتا ہے۔

غذائی ماہرین روزانہ پروٹین کی ضرورت پوری کرنے کے لیے اسے ایک وقت میں زیادہ مقدار میں لینے کے بجائے دن بھر کے مختلف کھانوں میں تقسیم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ورزش کے بعد 20 سے 40 گرام پروٹین کا استعمال پٹھوں کی مرمت اور بحالی کے عمل میں مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین نے اس تاثر کو بھی درست قرار نہیں دیا کہ صرف پروٹین شیکس یا غذائی سپلیمنٹس کے استعمال سے جسمانی ساخت میں نمایاں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پٹھوں کی نشوونما کے لیے وزن اٹھانے اور مزاحمتی ورزش کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے دوران پٹھوں کو ان کی معمول کی صلاحیت سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ اسی عمل کے نتیجے میں پٹھے وقت کے ساتھ مضبوط اور حجم میں بڑے ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ جسمانی مضبوطی کے خواہش مند افراد اپنی غذا میں صرف پروٹین کو اہمیت نہ دیں بلکہ کاربوہائیڈریٹس، صحت مند چکنائی اور وٹامنز سے بھرپور غذائیں بھی شامل کریں۔ متوازن خوراک جسم کو درکار توانائی فراہم کرنے کے ساتھ مختلف جسمانی افعال اور پٹھوں کی بہتر کارکردگی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بلا ضرورت پروٹین کی انتہائی زیادہ مقدار، خصوصاً غذائی سپلیمنٹس کے ذریعے مسلسل استعمال کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ طویل عرصے تک ضرورت سے زیادہ پروٹین لینے سے نظام ہاضمہ متاثر ہونے اور گردوں پر غیر ضروری دباؤ پڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق جسم کو درکار پروٹین کی مناسب مقدار کا تعین کرتے ہوئے عمر، جسمانی وزن، روزمرہ سرگرمیوں اور ورزش کی نوعیت کو مدنظر رکھنا چاہیے، کیونکہ بہتر نتائج کے لیے زیادہ پروٹین کے بجائے متوازن غذا اور مناسب ورزش کا امتزاج زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت