یمن تنازع میں کسی بیرونی فریق کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے: باقر قالیباف

ایران نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب معاہدے کا فیصلہ واشنگٹن کے ردعمل پر منحصر ہے۔ امریکی حکام نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ماسکو کے دورے کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست بھی کی تھی۔
قطری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں باقر قالیباف نے بتایا کہ تہران نے 8 ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو اپنی تجاویز پہنچا دی ہیں۔ ان کے مطابق ایران اب امریکی حکومت کے جواب کا منتظر ہے اور آئندہ پیش رفت کا انحصار واشنگٹن کے فیصلے پر ہوگا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے۔
ایرانی اسپیکر کے مطابق امن منصوبے میں کئی بنیادی مطالبات شامل کیے گئے ہیں، جن میں ایران کے خلاف امریکی بحری ناکا بندی ختم کرنے، اقتصادی پابندیاں اٹھانے اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثے واپس کرنے کے نکات سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ تمام محاذوں پر جنگ بندی اور تنازع کے مکمل خاتمے کا باضابطہ اعلان بھی مجوزہ معاہدے کی اہم شرائط میں شامل ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ اگر امریکا طے شدہ نکات پر عمل درآمد کے لیے آمادگی ظاہر کرے اور ایسے اضافی مطالبات پیش کرنے سے گریز کرے جن سے دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی میں مزید اضافہ ہو تو کسی سمجھوتے تک پہنچنا ممکن ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سابقہ تجربات کے باعث ایران کو اب بھی امریکی حکام پر اعتماد نہیں اور تہران کسی بھی معاہدے کے معاملے میں محتاط رویہ اختیار کرے گا۔
آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے اس اہم آبی گزرگاہ کی جو حیثیت تھی، اسے بحال نہیں کیا جائے گا۔ ان کے بقول ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کی نگرانی کے حوالے سے ایک نئی مفاہمت طے پاچکی ہے، جس کے تحت اس اہم بحری راستے کے انتظام سے متعلق معاملات کو نئے طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے امریکا کو خبردار بھی کیا کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کیا تو انہیں ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ قالیباف کے مطابق کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں امریکا کے لیے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔
انٹرویو کے دوران یمن کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔ باقر قالیباف نے مؤقف اختیار کیا کہ یمن کے تنازع میں کسی بیرونی طاقت کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے اور اس معاملے کا حل متعلقہ فریقوں کو خود تلاش کرنا چاہیے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے معاونت کی درخواست کریں تو تہران تنازع کے خاتمے اور فریقین کے درمیان مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت