جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی مڈٹرم انتخابات میں تاریخ رقم، مسیسیپی سے 140 سال بعد پہلا سیاہ فام ڈیموکریٹ سینیٹر منتخب

قومی خبریں
امریکی مڈٹرم انتخابات میں تاریخ رقم، مسیسیپی سے 140 سال بعد پہلا سیاہ فام ڈیموکریٹ سینیٹر منتخب

امریکی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار اسکاٹ کولم نے سینیٹ کی نشست پر کامیابی حاصل کرکے ری پبلکن جماعت کی کئی دہائیوں سے جاری انتخابی بالادستی کا خاتمہ کردیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ 140 سال سے زائد عرصے کے دوران ریاست سے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام سینیٹر بھی بن گئے، جسے امریکی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ کولم نے کانٹے دار انتخابی مقابلے میں ری پبلکن جماعت کی امیدوار اور موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو شکست سے دوچار کیا۔ انتخابی نتائج میں کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کرکے برتری حاصل کی، جبکہ ان کی حریف 48.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ آزاد امیدوار کو مجموعی طور پر 2.1 فیصد ووٹ ملے۔

مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار کی یہ فتح اس اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ ریاست میں 1982 سے مسلسل ری پبلکن جماعت کے امیدوار انتخابی کامیابیاں حاصل کرتے چلے آرہے تھے۔ ماضی کے انتخابی رجحانات بھی ڈیموکریٹس کے لیے اس ریاست میں کامیابی کو انتہائی مشکل ظاہر کرتے تھے۔ یہاں تک کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 2024 کے صدارتی انتخابات میں مسیسیپی سے 22 فیصد سے زیادہ ووٹوں کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب انتخابی شکست کے بعد سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے اسکاٹ کولم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ انتخابی نتائج ان کی توقعات کے برعکس ہیں، تاہم وہ ریاست کے عوام کی جانب سے دیے گئے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

کولم کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی ریاست کے دارالحکومت جیکسن میں نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل کے دفتر میں موجود کارکنوں نے جشن منایا اور اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ تنظیم کے چیئرمین لیون رسل نے انتخابی نتیجے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے حصول میں بالخصوص سیاہ فام برادری کی جانب سے چلائی جانے والی منظم انتخابی مہم نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

مقامی سطح پر پراسیکیوٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے اسکاٹ کولم نے انتخابی مہم کے دوران عوام کو درپیش معاشی مسائل، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا تھا۔ انہوں نے اپنی حریف کو صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی حمایت کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مہنگائی سے متعلق ان کی پالیسیوں پر طنز کرتے ہوئے انہیں ’’سنڈی ہائی پرائسز‘‘ کا نام دیا۔

انتخابی تجزیوں کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ تجارتی محصولات اور ایران جنگ کے نتیجے میں معیشت پر مرتب ہونے والے ممکنہ اثرات کے حوالے سے عوامی تشویش نے بھی ری پبلکن امیدواروں کے لیے مشکلات پیدا کیں۔ معاشی صورت حال پر ووٹرز کی بڑھتی ہوئی بے اطمینانی کو بھی اسکاٹ کولم کی کامیابی اور ان کی حریف کی شکست کے اہم عوامل میں شمار کیا جا رہا ہے۔

مسیسیپی کے انتخابی نتائج کو مجموعی طور پر امریکی سیاست میں ڈیموکریٹ جماعت کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حالیہ انتخابی معرکوں میں پارٹی نے نہ صرف اپنی روایتی حمایت برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی بلکہ ٹیکساس، جنوبی کیرولائنا، کنساس اور آئیووا جیسی ری پبلکن اکثریتی ریاستوں میں بھی کامیابیاں سمیٹیں، جس سے ملک میں سیاسی منظرنامے اور ووٹرز کے بدلتے ہوئے رجحانات سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت