سوئی گیس کمپنیوں نےگیس مہنگی کرنے کی درخواستیں اوگرا میں جمع کرا دیں
سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے اپنی درخواستیں اوگرا میں جمع کرا دی ہیں۔
دونوں کمپنیوں نے مجوزہ اضافے کا اطلاق رواں مالی سال یکم جولائی سے کرنے کی درخواست کی ہے۔
سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد قیمت ایک ہزار 702 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 712 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے۔ کمپنی نے اوسط قیمت 2 ہزار 71 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔
سوئی ناردرن نے مجوزہ قیمت میں ایل این جی کی خدمات کی مد میں 60 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ روپے کے اخراجات بھی شامل کیے ہیں۔ درخواست کے مطابق کمپنی کے لیے ایل این جی کی لاگت 471 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔
سوئی ناردرن کا مؤقف ہے کہ موسم سرما میں مقامی گیس کی محدود دستیابی کے باعث اضافی گیس کا انتظام کرنا ہوگا، جس کے لیے ایل این جی کے 16 جہازوں کی ضرورت پڑے گی۔
دونوں گیس کمپنیوں نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بھی گیس مہنگی کرنے کی وجہ قرار دیا ہے۔
اوگرا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی درخواستوں پر سماعت کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت