دہشتگردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے درہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
شہباز شریف نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ لائق تحسین ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت