ایلینز کے کوئی آثار نہ ملنے پر ایلون مسک پریشان
واشنگٹن: دنیا کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیت اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے زمین سے باہر ذہین مخلوقات اور غیر زمینی تہذیبوں کے کوئی آثار نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کائنات کی وسعت اور ممکنہ طور پر موجود اربوں کہکشاؤں کے باوجود اب تک کسی دوسری ذہین تہذیب کے واضح شواہد سامنے نہ آنا حیران کن ہے۔ ایلون مسک کی اس تازہ پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر خلائی مخلوقات کی موجودگی، کائنات میں زندگی کے امکانات اور انسانوں سے ان کے رابطے کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک ماضی میں بھی متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ انہیں اب تک کسی غیر زمینی جہاز، خلائی مخلوق یا زمین سے باہر کسی ذہین تہذیب کی سرگرمی کا کوئی قابل اعتماد ثبوت نہیں ملا۔ اپنی ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ انہیں اس بات پر بہت پریشانی ہوتی ہے کہ انسان اب تک ایلینز یا ان کی موجودگی کے کوئی آثار تلاش نہیں کر سکے۔
ایلون مسک کے اس بیان نے سائنسی دنیا میں طویل عرصے سے زیر بحث ایک اہم سوال، جسے ’’فرمی پیراڈاکس‘‘ کہا جاتا ہے، کو ایک مرتبہ پھر موضوع بحث بنا دیا ہے۔ فرمی پیراڈاکس بنیادی طور پر یہ سوال اٹھاتا ہے کہ اگر کائنات میں اربوں کہکشائیں، بے شمار ستارے اور ان کے گرد گردش کرنے والے سیارے موجود ہیں تو پھر اب تک کسی دوسری ذہین مخلوق یا ترقی یافتہ تہذیب سے رابطہ کیوں نہیں ہو سکا؟
اس نظریے کے مطابق کائنات کی عمر اور وسعت کو دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جاتا ہے کہ زمین کے علاوہ بھی کہیں زندگی وجود میں آئی ہو اور بعض تہذیبیں انسانوں سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہو سکتی ہیں۔ بعض سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اگر ایسی تہذیبیں موجود ہیں تو انہیں اپنی کہکشاؤں کے دوسرے حصوں تک پہنچنے یا اپنی موجودگی کے آثار چھوڑنے کے لیے کافی وقت مل چکا ہوگا۔ اس کے باوجود اب تک ان کی موجودگی کا کوئی واضح اور قابل تصدیق ثبوت سامنے نہیں آیا۔
ایلون مسک کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے اور ان کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کائنات میں فاصلوں، روشنی کی رفتار اور طبیعیات کے بنیادی قوانین کا حوالہ دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ایلون مسک کو اس بات پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اگر وہ حقیقت اور ریاضی کو سمجھتے ہیں تو انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کائنات میں فاصلے اس قدر وسیع ہیں کہ ممکن ہے انسان کبھی دوسری ذہین مخلوقات سے ملاقات نہ کر سکے۔ صارف کے مطابق کسی دوسری تہذیب کا موجود ہونا اور اس تک پہنچ پانا 2 مختلف معاملات ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ طبیعیات کے قوانین کو توڑنا آسان نہیں۔ ممکن ہے ایلینز حقیقت میں موجود ہوں، لیکن کائنات میں بے پناہ فاصلے اور سفر کی مشکلات ان کے زمین تک پہنچنے میں رکاوٹ ہوں۔ جب تک وہ یہاں پہنچیں، ممکن ہے انسانیت کا وجود ہی ختم ہو چکا ہو۔ صارف نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ شاید خلائی مخلوقات پہلے ہی زمین پر موجود ہوں لیکن انسان انہیں دیکھنے یا پہچاننے کے قابل نہ ہوں۔
سائنسی اعتبار سے بھی زمین سے باہر زندگی کی تلاش ایک اہم تحقیقی موضوع ہے۔ ماہرین فلکیات مختلف سیاروں، ان کے ماحول اور فضا میں موجود گیسوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ زندگی کے ممکنہ آثار تلاش کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ جدید دوربینوں اور خلائی مشاہداتی نظاموں کے ذریعے ایسے سیاروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جو اپنے ستاروں کے گرد ایسے فاصلے پر گردش کرتے ہیں جہاں مائع پانی کی موجودگی ممکن ہو سکتی ہے۔
اب تک کسی دوسری ذہین تہذیب، خلائی مخلوق یا غیر زمینی سرگرمی کا ایسا قابل اعتماد سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا جس کی بنیاد پر زمین سے باہر ذہین زندگی کی موجودگی کی تصدیق کی جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت