امریکی صدر کےخلاف تحقیقات کرنے پر ڈیموکریٹس کو ٹرمپ انتظامیہ کی دھمکی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے آئندہ کانگریس میں ایوانِ نمائندگان کی نگرانی کمیٹی کی سربراہی سنبھالنے والے ڈیموکریٹ رہنما رابرٹ گارسیا کو خبردار کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات کے نام پر حکومتی عہدیداروں کو ہراساں کرنے یا دباؤ میں لانے کی کوششوں پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، جس پر ڈیموکریٹس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قانونی مشیر ول شارف نے رابرٹ گارسیا کو ایک خط ارسال کیا، جس میں کہا گیا کہ کانگریس کو تحقیقات کا اختیار ضرور حاصل ہے، تاہم اس اختیار کو جائز قانون سازی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
خط میں خبردار کیا گیا کہ حکومتی عہدیداروں کو خوفزدہ کرنے، انہیں سرکاری ذمہ داریاں انجام دینے سے روکنے یا غیر قانونی طور پر سمن جاری کرنے کی کوششیں سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ آئندہ جنوری سے ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کی پوزیشن میں ہیں۔ رابرٹ گارسیا نئی کانگریس میں نگرانی کمیٹی کے سربراہ بننے کے لیے تیار ہیں۔
گارسیا نے وائٹ ہاؤس کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس چھپانے کے لیے کچھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کو تحقیقات اور نگرانی کا اختیار امریکی آئین سے حاصل ہے، اس کے لیے وائٹ ہاؤس کی اجازت درکار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں انہیں اپنے آئینی فرائض کی ادائیگی سے نہیں روک سکتیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس آئندہ کانگریس میں ٹرمپ خاندان کے کاروباری معاملات، جیفری ایپسٹین کیس کی تحقیقات، امیگریشن پالیسی، وائٹ ہاؤس کی تعمیراتی سرگرمیوں اور ٹرمپ خاندان کے مالی معاملات کا جائزہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے بھی کہا ہے کہ کانگریس کو نگرانی اور تحقیقات کا آئینی اختیار حاصل ہے اور حکومت اس سلسلے میں کانگریس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت