بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ناسا کا چاند پر جانے اور رہنے کے خواہش مند افراد کیلیے خلابازوں کی بھرتی کا اعلان

قومی خبریں
ناسا کا چاند پر جانے اور رہنے کے خواہش مند افراد کیلیے خلابازوں کی بھرتی کا اعلان

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند پر رہنے اور کام کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے خلابازوں کی نئی بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے۔ منتخب امیدواروں کو مستقبل میں چاند پر قائم کیے جانے والے خلائی اڈے میں رہنے، سائنسی تحقیق کرنے اور مختلف خلائی مشنز میں حصہ لینے کا موقع مل سکتا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا کی جانب سے یہ بھرتیاں مستقبل کے چاند مشنز کی تیاریوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد انسانوں کی چاند پر دوبارہ واپسی اور وہاں طویل عرصے تک قیام کے امکانات کو عملی شکل دینا ہے۔

ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین کا کہنا ہے کہ نئے منتخب ہونے والے خلابازوں کو خلائی جہازوں کی آزمائش، جدید خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال اور چاند کے جنوبی قطب کے قریب اہم مشنز کے لیے تیار کیا جائے گا۔ ان مشنز کے دوران خلابازوں کو مختلف سائنسی تجربات اور تحقیق کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

ناسا کے مطابق اس ملازمت کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کا امریکی شہری ہونا لازمی ہے جبکہ متعلقہ شعبے میں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تجربہ بھی ضروری ہوگا۔ درخواست گزاروں کو تعلیمی قابلیت کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کے حوالے سے بھی مقررہ شرائط پر پورا اترنا ہوگا۔

خلابازوں کے طور پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو 2 سال کی خصوصی تربیت دی جائے گی، جس کے دوران انہیں خلائی سفر، خلائی جہازوں کے نظام، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، سائنسی تحقیق اور چاند پر ممکنہ مشنز کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

اعلان کے مطابق اس ملازمت کی ابتدائی سالانہ تنخواہ ایک لاکھ 64 ہزار 395 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 دسمبر 2026 ہے۔

واضح رہے کہ ناسا نے 2028 میں انسانوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ اس منصوبے کے تحت چاند کے جنوبی قطب کے قریب انسانی سرگرمیوں اور مستقبل میں مستقل خلائی اڈے کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ناسا کی نئی بھرتیوں کو اسی طویل المدتی منصوبے کی تیاریوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مستقبل میں چاند پر انسانی موجودگی کو ممکن بنانے اور وہاں مزید سائنسی تحقیق کے راستے کھولنے کی کوشش کی جائے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت