ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان، سرکاری کمپنیوں نے عالمی ٹینڈرز جاری کردیے

کراچی: ملک میں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ قلت پر قابو پانے کے لیے مسابقتی ایل پی جی پالیسی پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری توانائی کمپنیوں نے عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی خریدنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز جاری کردیے ہیں۔ سرکاری کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی درآمد سے مارکیٹ میں رسد بڑھنے، قیمتوں میں کمی اور بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق سرکاری توانائی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 47 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے مختلف ٹینڈرز جاری کیے ہیں جبکہ درآمدی کھیپوں کی پاکستان آمد 13 سے 30 نومبر کے دوران متوقع ہے،آئندہ 2 ہفتوں میں ایل پی جی کے جہاز پاکستان پہنچنا شروع ہوجائیں گے، جس سے سردیوں میں گیس کی طلب پوری کرنے اور سپلائی مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل نے عالمی اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی خریدنے کے لیے 20 ہزار اور 50 ہزار میٹرک ٹن کے 2 علیحدہ ٹینڈرز جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، سوئی سدرن اور پارکو بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی درآمد کریں گے۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی نرخوں کے مطابق درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچنے پر تقریباً 450 روپے فی کلو پڑنے کا تخمینہ ہے جبکہ معمولی منافع شامل کرنے کے بعد صارفین کو یہ گیس تقریباً 460 روپے فی کلو فراہم کی جاسکتی ہے۔ سرکاری توانائی کمپنیوں کو درآمدی ایل پی جی کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جبکہ سرکاری کمپنیوں کی جانب سے درآمد کی جانے والی ایل پی جی تقریباً 460 روپے فی کلو دستیاب ہونے کی صورت میں صارفین کو فی کلو 70 سے 130 روپے تک ریلیف مل سکتا ہے۔ اس طرح گھریلو صارفین، ہوٹلوں، تندوروں اور دیگر کاروباری شعبوں کے لیے ایندھن کے اخراجات میں کمی کا امکان ہے۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی ایل پی جی کی فروخت کا بنیادی مقصد کاروباری منافع کمانے کے بجائے مارکیٹ میں مسابقت پیدا کرنا اور قیمتوں کو کم کرنا ہے۔ مسابقتی پالیسی کے تحت سرکاری کمپنیوں کی براہِ راست درآمد سے نجی شعبے کی اجارہ داری کم کرنے اور مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگے داموں گیس فروخت کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے مجموعی طور پر 44 ہزار میٹرک ٹن کے 3 ٹینڈرز جاری کیے ہیں۔ پی ایس او نے 20 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی خریداری کے لیے پہلا ٹینڈر 6 نومبر کو جاری کیا تھا، جس کے تحت درآمدی کھیپ 15 سے 25 نومبر کے دوران کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔
پی ایس او کی جانب سے 20 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی درآمد کے لیے دوسرا ٹینڈر بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت دوسری کھیپ 20 سے 30 نومبر کے دوران کراچی پہنچے گی۔
اس کے علاوہ پی ایس او نے 4 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی اسپاٹ بنیاد پر درآمد کے لیے بھی ٹینڈر جاری کیا ہے، جس میں غیر ملکی سپلائرز سے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ اس ٹینڈر کے تحت بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب پارکو پرل گیس نے بھی 3 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے عالمی ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ اس ٹینڈر کے تحت غیر ملکی سپلائرز سے پورٹ قاسم کے لیے سی ایف آر بنیاد پر ایل پی جی خریدی جائے گی، جبکہ درآمدی کھیپ 13 سے 15 نومبر کے دوران پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق پی ایس او اور پارکو پرل گیس کے ٹینڈرز کے تحت مجموعی طور پر 47 ہزار 500 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جائے گی۔ مختلف کھیپوں کی آمد 13 سے 30 نومبر کے دوران متوقع ہے۔
درآمدی ایل پی جی کی حقیقی قیمت اور صارفین کو ریلیف کا انحصار درآمدی کھیپوں کی بروقت آمد، عالمی منڈی کے نرخوں اور سرکاری کمپنیوں کی جانب سے مقرر کردہ فروخت کی قیمتوں پر ہوگا۔ اگر یہ گیس اعلان کردہ تخمینہ شدہ نرخوں پر دستیاب ہوگئی تو موجودہ مہنگی ایل پی جی خریدنے والے صارفین کو نمایاں مالی ریلیف مل سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت