بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں 30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

قومی خبریں
کراچی میں 30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

کراچی گالف کلب میں 30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کراچی اور کراچی گالف کلب کے صدر وائس ایڈمرل فیصل عباسی تھے، جنہوں نے مقابلوں کا آغاز کیا۔

چیمپئن شپ کے لیے ایک کروڑ 41 لاکھ روپے کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی گئی ہے، جبکہ ہول ان ون کا کارنامہ انجام دینے والے گالفر کو لگژری گاڑی بطور انعام دی جائے گی۔ مقابلوں میں ملک بھر سے معروف گالفرز شرکت کر رہے ہیں، جن میں پروفیشنل، سینئر امیچر، جونیئر امیچر، لیڈیز امیچر، ویٹرنز اور پرو امیچر کیٹیگریز شامل ہیں۔

72 ہولز پر مشتمل پروفیشنل، امیچر اور سینئر امیچر مقابلے 12 سے 16 نومبر تک کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل اور اختتامی تقریب 15 نومبر کو منعقد ہوگی، جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف مہمان خصوصی ہوں گے۔

چیمپئن شپ کے مقابلے 4 نومبر سے جاری ہیں، جن میں سینئر خاتون گالفر حمیرا خالد نے ویمن ایونٹ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) آفتاب احمد خان نے ویٹرنز کا گراس ایونٹ جیت لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل فیصل عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کھیلوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت