افغان دہشت گرد گرفتار، خودکش حملہ آور تیار کرنے کا اعتراف

پشاور: سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران افغان دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، جس نے دورانِ تفتیش خودکش حملہ آور تیار کرنے سمیت متعدد اہم انکشافات اور اعترافات کیے ہیں۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا سے بتایا گیا ہے جبکہ اس نے افغان فوج میں کمانڈو ٹریننگ حاصل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
مشیر اطلاعات اے آر ڈی سی محمود جان بابر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز اور پولیس دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پریس کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی اے آر ڈی سی عباس احسن نے گرفتار دہشت گرد کی شناخت خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کے نام سے کی، دہشت گرد کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا، ملزم کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیا سے ہے اور وہ دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے افغانستان میں افغان آرمی سے کمانڈو ٹریننگ حاصل کی تھی۔ وہ خارجی کمانڈر منصور کے ساتھ بطور سکیورٹی گارڈ بھی کام کرچکا ہے جبکہ اس نے ایک خودکش حملہ آور کو تیار کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات دہشت گردی کے نیٹ ورک اور اس سے وابستہ افراد کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہیں۔
اس موقع پر پریس کانفرنس میں گرفتار دہشت گرد کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا، جس میں اس نے اپنے ماضی، افغانستان میں قیام اور دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
ویڈیو بیان میں حکمت اللہ عرف حمزہ نے بتایا کہ وہ افغانستان میں طالبان کے دورِ حکومت کے دوران زخمی ہوا تھا، اس نے 1 سال تک ایک مفتی کے پاس تعلیم حاصل کی، جس کے بعد ایک مدرسے میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کردیا۔ بعدازاں اس کی جلال آباد میں اکرمہ نامی شخص سے ملاقات ہوئی۔
گرفتار دہشت گرد نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے اکرمہ کو خودکش حملے کے لیے تیار کیا تھا۔ اس اعتراف کے بعد حکام کی جانب سے ملزم کی سرگرمیوں اور اس کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے تحقیقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جو پاکستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت