ایران پر دوبارہ فوجی کارروائی پچھلے حملے سے 5 گنا زیادہ شدید ہوگی، ٹرمپ کی پھر دھمکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی جانب سے کوئی اشتعال انگیزی ہوئی تو امریکا کی جانب سے جوابی فوجی کارروائی گزشتہ حملوں کی نسبت 5 گنا زیادہ تباہ کن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تہران کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی حدود میں رہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر نے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ کسی معاہدے کا خواہشمند ہے، تاہم تہران کی قیادت عوامی سطح پر اپنی اس خواہش کا برملا اظہار کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کو ہدف بنانے کی بات بھی کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام اور اعلیٰ قیادت کو پہلے ہی بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا کیونکہ یہ خطے کے لیے خطرناک ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام کے حساس مقامات بالخصوص پک ایکس ماؤنٹین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہاں کسی قسم کی مشکوک سرگرمی پائی گئی تو امریکا فوری کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال ایسی کسی سرگرمی کے واضح شواہد تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کے رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک فی الحال ایران پر بڑے حملے کے بجائے موجودہ فوجی حکمت عملی برقرار رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکی صدر کا یہ بیان سفارتی حلقوں میں اہمیت کا حامل ہے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے ان دعوؤں کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سرد جنگ اور سفارتی کوششیں تاحال کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت