اسمارٹ فون کا حد سے زیادہ استعمال ہاتھوں، کلائیوں اور گردن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے: ماہرین

اسمارٹ فون کا بڑھتا ہوا استعمال انسانی جسم کے مختلف حصوں کو متاثر کرنے لگا ہے، خصوصاً ہاتھوں، کلائیوں اور گردن کے پٹھوں پر مسلسل دباؤ کئی طبی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ طویل وقت تک موبائل پکڑنے، انگوٹھے سے اسکرین چلانے اور گردن جھکا کر فون دیکھنے کی عادت نہ صرف پہلے سے موجود درد میں اضافہ کرسکتی ہے بلکہ نئی تکالیف کو بھی جنم دے سکتی ہے۔
صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین نت بتایا کہ موبائل فون پر مسلسل پیغامات لکھنا، اسکرین پر انگلیاں چلانا اور ایک ہی انداز میں ہاتھوں کو دیر تک رکھنا پٹھوں، جوڑوں، ہڈیوں اور اعصاب پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ دباؤ مختلف جسمانی پیچیدگیوں کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔
ییل میڈیسن سے وابستہ ہاتھوں اور بازوؤں کی جراحی کی ماہر ڈاکٹر ایریل ولیمز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو موبائل فون کے استعمال کو اپنے ہاتھوں اور کلائیوں میں درد کی وجہ قرار دیتے ہیں۔ بعض افراد میں فون کے مسلسل استعمال سے پہلے سے موجود تکلیف بھی شدت اختیار کرلیتی ہے۔
ان کے مطابق اسمارٹ فون پر بار بار ایک جیسی حرکات دہرانا اور طویل وقت تک ہاتھوں کو ایک مخصوص حالت میں رکھنا جسمانی ساخت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں ہاتھوں کی نسوں، پٹھوں اور جوڑوں میں سوزش اور درد کی شکایات پیدا ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے اسمارٹ فون کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے ہاتھوں اور کلائیوں کو متاثر کرنے والی 3 اہم طبی کیفیات کی نشاندہی کی ہے۔
ان میں پہلا مسئلہ ٹرگر فنگر ہے، جس میں انگلی کو حرکت دینے والی نس میں سوزش پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کیفیت کے باعث متاثرہ انگلی کو موڑنے یا دوبارہ سیدھا کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، جبکہ بعض صورتوں میں انگلی ایک ہی حالت میں پھنس جاتی ہے اور اسے حرکت دینا مشکل ہوجاتا ہے۔
دوسرا طبی مسئلہ ڈی کوئروین ٹینوسائنووائٹس ہے، جس میں انگوٹھے کے قریب واقع 2 نسوں کے گرد سوزش اور جلن پیدا ہوتی ہے۔ اس کیفیت میں انگوٹھے کو حرکت دینے، کسی چیز کو مضبوطی سے پکڑنے یا ہاتھ سے روزمرہ کے کام انجام دینے کے دوران درد محسوس ہوسکتا ہے۔
تیسری کیفیت کارپل ٹنل سنڈروم کہلاتی ہے۔ اس میں کلائی کے اندر موجود اہم عصب پر دباؤ پڑنے سے ہاتھ اور انگلیوں میں درد، سنسناہٹ اور بے حسی کی شکایت پیدا ہوسکتی ہے۔ بعض افراد کو انگلیوں میں جھنجھناہٹ بھی محسوس ہوتی ہے، جو روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔
اسمارٹ فون کے مسلسل استعمال سے ایک اور کیفیت بھی سامنے آتی ہے جسے عام طور پر اسمارٹ فون پنکی کہا جاتا ہے۔ اس میں موبائل کو طویل وقت تک ایک ہی انداز میں پکڑے رکھنے کے باعث چھوٹی انگلی پر دباؤ پڑتا ہے اور اس پر عارضی نشان بن سکتا ہے۔
موبائل فون کے مضر اثرات صرف ہاتھوں اور کلائیوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ گردن بھی اس سے متاثر ہوسکتی ہے۔ اس مسئلے کو طبی اصطلاح میں ٹیک نیک کہا جاتا ہے، جو عموماً طویل وقت تک سر کو آگے کی جانب جھکا کر موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے سے پیدا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مسلسل نیچے دیکھنے کی عادت گردن کے پٹھوں اور جوڑوں پر معمول سے زیادہ بوجھ ڈالتی ہے۔ اس کے نتیجے میں گردن کے پچھلے حصے میں درد، اکڑاؤ، پٹھوں میں کھنچاؤ اور سر درد کی شکایات پیدا ہوسکتی ہیں۔ بعض افراد کو گردن حرکت دینے میں دشواری اور مسلسل تھکاوٹ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
اسمارٹ فون کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے طریقے
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان مسائل سے بچنے کے لیے اسمارٹ فون کا استعمال مکمل طور پر ترک کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے جسم پر پڑنے والے غیر ضروری دباؤ کو کم کیا جاسکتا ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ موبائل فون کو مسلسل ایک ہی ہاتھ سے پکڑنے کے بجائے دونوں ہاتھ استعمال کیے جائیں۔ اس طرح کسی ایک ہاتھ اور انگوٹھے پر بار بار دباؤ پڑنے سے بچا جاسکتا ہے۔ اسی طرح فون استعمال کرتے وقت اس کی اسکرین کو آنکھوں کے قریب ترین مناسب سطح پر رکھنا چاہیے تاکہ گردن کو مسلسل نیچے جھکانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔
لیپ ٹاپ پر کام کرنے والے افراد کے لیے بھی ضروری ہے کہ اسکرین کو آنکھوں کی سیدھ میں رکھنے کے لیے مناسب اسٹینڈ استعمال کریں۔ الگ کی بورڈ اور ماؤس کی مدد سے ہاتھوں اور بازوؤں کو زیادہ آرام دہ انداز میں رکھنا ممکن ہوتا ہے، جس سے مسلسل دباؤ میں کمی آسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق گھر یا دفتر میں بیٹھ کر کام کرتے وقت کرسی کو میز کے قریب رکھنا چاہیے تاکہ بار بار آگے جھکنے کی ضرورت نہ پڑے۔ اس کے علاوہ کمر اور پشت کے پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں اور ہاتھوں کو پیچھے کی جانب لے جاکر ہلکی پھلکی کھنچاؤ والی مشقیں بھی جسمانی تناؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔
مسلسل کئی گھنٹے موبائل یا کمپیوٹر استعمال کرنے کے بجائے درمیان میں وقفہ لینا بھی ضروری ہے تاکہ ہاتھوں، کلائیوں اور گردن کے پٹھوں کو آرام مل سکے۔ اگر انگلیوں یا کلائی میں درد، بے حسی اور جھنجھناہٹ مسلسل برقرار رہے تو اسے معمولی تھکن سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
ماہرین صحت کے مطابق اسمارٹ فون کے استعمال میں اعتدال، درست جسمانی انداز اور وقفے وقفے سے آرام کی عادت اپنا کر ہاتھوں، کلائیوں اور گردن سے متعلق متعدد مسائل کے خطرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت