بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ملک گیر کریک ڈاؤن کے بعد غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کا تناسب 54 سے کم ہوکر 48 فیصد رہ گیا

قومی خبریں
ملک گیر کریک ڈاؤن کے بعد غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کا تناسب 54 سے کم ہوکر 48 فیصد رہ گیا

ملک میں غیر قانونی سگریٹوں کے خلاف حکومتی کارروائیوں کے نتیجے میں ان کی مارکیٹ میں حصہ داری 54 فیصد سے گھٹ کر 48 فیصد پر آگئی ہے جبکہ سگریٹ کے شعبے سے حاصل ہونے والی ٹیکس آمدن میں بھی 45 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم مؤثر کارروائیوں کے باوجود غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کو سزائیں نہ ملنا ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔

سینٹر فار مارکیٹ ایجوکیشن ملائیشیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث سگریٹ کے شعبے سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس سے قومی خزانے کو اضافی 45 ارب روپے حاصل ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت ملکی معیشت کے لیے ایک بڑا مالی چیلنج ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو سالانہ تقریباً 1 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس غیر قانونی کاروبار سے ضائع ہونے والی ممکنہ ٹیکس آمدن تمباکو کے شعبے سے حاصل ہونے والے مجموعی ٹیکس کا 117.4 فیصد بنتی ہے۔ غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت سے ہونے والے مالی نقصانات کے لحاظ سے پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اگر 1 ارب سگریٹوں کو غیر قانونی کاروبار سے نکال کر قانونی تجارتی نظام کا حصہ بنا دیا جائے تو قومی خزانے کو مزید 7 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوسکتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے ذریعے حکومتی محصولات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

غیر قانونی سگریٹ سازی اور اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران ملک بھر میں 675 چھاپے مارے گئے۔ ان کارروائیوں میں غیر قانونی سگریٹ تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا 2.94 ملین کلوگرام تمباکو، 77 ہزار 197 کلوگرام ایسیٹیٹ ٹو خام مال اور 61 ہزار 295 کلوگرام سگریٹ پیپر ضبط کیا گیا۔

اسی عرصے میں اسمگلنگ کے ذریعے ملک میں لائے گئے 156 ملین سگریٹ بھی تحویل میں لیے گئے، جبکہ ٹیکس ادا کیے بغیر مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے 230.9 ملین سگریٹ ضبط کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی سگریٹ سازی میں مصروف 14 فیکٹریاں بھی بند کرائی گئیں، جن کی مجموعی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.4 ارب سگریٹ تھی۔

تاہم رپورٹ میں حکومتی کارروائیوں کے ایک اہم قانونی پہلو پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق 675 چھاپوں کے باوجود متعلقہ حکام صرف 4 مقدمات درج کرا سکے، جو مجموعی کارروائیوں کا ایک فیصد سے بھی کم ہیں۔ مزید یہ کہ غیر قانونی سگریٹوں کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات میں اب تک کسی کو سزا نہیں دلائی جاسکی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سگریٹوں کے خلاف چھاپے مارنا اور سامان ضبط کرنا اپنی جگہ اہم ہے، لیکن ان کارروائیوں کو مؤثر قانونی نتائج تک پہنچانا اصل چیلنج ہے۔ مقدمات کا بروقت اندراج، مضبوط قانونی پیروی اور ملوث افراد کو سزائیں دلوانے کے بغیر اس کاروبار کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق غیر قانونی تمباکو اور سگریٹوں کی تجارت پر قابو پانے کے لیے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کے درمیان مربوط حکمت عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے، تاکہ کارروائیوں کے بعد قانونی مراحل بھی مؤثر انداز میں مکمل کیے جاسکیں اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

مزید برآں رپورٹ میں گرین لیف تھریشنگ یونٹس کی الیکٹرانک نگرانی کو غیر قانونی تمباکو کی تجارت روکنے کے لیے اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے تمباکو کی خریداری، ترسیل اور پراسیسنگ کے عمل پر نظر رکھی جاسکتی ہے، جس سے غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی اور ان کی روک تھام میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت