بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا میں 11 ماہ کا بچہ 24 گھنٹے ملبے تلے دفن رہنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا

قومی خبریں
امریکا میں 11 ماہ کا بچہ 24 گھنٹے ملبے تلے دفن رہنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا

امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 11 ماہ کے بچے کو جنگل میں زمین کے اندر دفن کیا گیا، تاہم تقریباً 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود وہ معجزانہ طور پر زندہ رہا اور امدادی اہلکاروں نے اسے بحفاظت باہر نکال لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بچے کو ایک کتے کے پنجرے میں تولیے میں لپیٹ کر دفن کیا گیا تھا۔ پولیس نے بڑے پیمانے پر تلاش کے دوران اسے اس وقت بازیاب کرایا جب اہلکاروں کو ایک گھر کے قریب جنگل میں تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق لیکسنگٹن کاؤنٹی کے شیرف نے بتایا کہ بچے کی تلاش کے لیے منگل کے روز بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران اہلکاروں کو بچے کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز کے فاصلے پر جنگل میں مٹی کا ایک نیا ڈھیر دکھائی دیا، جس پر انہیں شبہ ہوا۔ جب اس مقام کی کھدائی کی گئی تو اندر سے 11 ماہ کا بچہ زندہ حالت میں برآمد ہوا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے کو تشویش ناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں نے اس کی حالت کے پیش نظر تشویش ظاہر کی ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ بچہ صحت یاب ہوجائے گا۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق 11 ماہ کا کوآہ شارپ پیر کے روز اس وقت لاپتا ہوا جب اس کی والدہ کسی کام سے گھر سے باہر گئی اور اسے والد کی نگرانی میں چھوڑ گئی تھی۔ بچے کی گمشدگی کا علم ہونے پر پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کردی۔

دوسری جانب پولیس نے بچے کے والد مائیکل کومر کو پیر کی رات چوری اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے کے الزامات میں حراست میں لے لیا تھا۔ شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق حکام اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی اور اضافی الزامات عائد کرنے کے لیے استغاثہ کے دفتر سے رابطے میں ہیں۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ بچے کو دفن کرنے کے پس پردہ حقائق اور اس میں ملوث افراد کے کردار کا تعین کیا جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت